فوربس نے سالانہ ’مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین‘ کی فہرست جاری کردی، جس میں 2 پاکستانی خواتین نے بھی جگہ بنالی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فہرست میں ٹاپ 10 خواتین ایگزیکٹوز میں سے 2 پاکستانی خواتین شائستہ آصف اور شازیہ سید بھی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ہیلتھ کیئر نیٹ ورک ’پیور ہیلتھ ہولڈنگ‘ کی شریک بانی اور گروپ کی سی ای او شائستہ آصف اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ یونی لیور پاکستان کی سابق سی ای او شازیہ سید بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
شائستہ آصف نے ہیلتھ کیئر کارپوریشن کی بنیاد مشترکہ بنیاد پر 2006 میں رکھی اور 2023 میں اس گروپ کی سی ای او مقرر ہوئی ہیں۔
فوربس کی رپورٹ کے مطابق اس کمپنی کی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) میں اسی ماہ 986 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ابوظہبی سیکیورٹیز ایکسچینج میں ان کے حصص میں 10 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
رواں سال کے آغاز میں ان کی کمپنی نے 585.4 ملین ڈالرز کا ریوینو حاصل کرکے شیخ شکبوت میڈیکل سٹی میں بھی کامیابی سے حاصل کی، جو کہ دنیا کا سب سے بڑا ہیلتھ کیئر کمپلیکس ہے۔
دوسری جانب اس فہرست میں نویں نمبر پر شازیہ سید کو شامل کیا گیا ہے، جو اس وقت شمالی افریقا، عراق اور سعودی عرب میں یونی لیور کے آپریشنز کی جنرل منیجر ہیں اور اس سے قبل 2023 میں مشرق وسطیٰ میں اعلیٰ ترین ایگزیکٹوز میں سے ایک تھیں۔
فوربس نے رواں سال دوسری بار شازیہ سید کو مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
پاکستان کے شہر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی شازیہ سید نے یونی لیور پاکستان میں مینجمنٹ ٹرینی کے طور پر اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا تھا۔
شازیہ سید نے تیزی سے ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے یونی لیور کمپنی کے عالمی سطح پر مارکیٹنگ، سیلز اور جنرل مینجمنٹ کے شعبوں کی سربراہی کی۔
علاوہ ازیں شازیہ سید نے پاکستان اور دیگر ممالک میں کاروبار کی متحرک دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے لیے نمایاں خدمات بھی انجام دی ہیں۔