سلائو ( اورنگزیب چوہدری ) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق امیدوار پنچاب اسمبلی گجرات چوہدری افتخار احمد نے سلاؤ میں جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات سے سیاسی خاندانوں کی اجارہ داری ختم ہو رہی ہے ،حلقہ کے عوام نے اصولی فیصلہ کر لیا ہے کہ گجرات میں کسی بھی سیاسی خاندان اور شخصیت کی سیاسی اجارہ داری نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا میں نے تمام بڑے سیاسی خاندانوں کو چیلنچ کر کے ان کی سیاسی اجارہ داری ختم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ چوہدری افتخار احمد نے کہا پاکستان کے حالیہ الیکشن رزلٹ ڈیزائن کے مطابق ہیں ،سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر ملک پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوے اپنی ترجیحات کو درست کرنا ہو گا ۔چوہدری افتخار نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کے حالیہ الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملی، پاکستان مزید سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کی سیاسی قیادت کو اپنی زمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا۔ چوہدری افتخار نے کہا گجرات کے سابق ممبر اسمبلی چوہدری عابد رضا نے میرے مقابلے میں مسلم لیگ ن کا پارٹی ٹکٹ اپنے بھائی کو دلوایا جو اصولی طور پر غلط فیصلہ تھا انہیں اپنے بھائی کو میرے مقابلے میں پارٹی امیدوار نہیں بنانا چاہے تھا۔ گجرات کی روایتی سیاست اب تبدیل ہو چکی ہے، ہمیں بھی اپنے رویوں اور سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا۔ چوہدری افتخار نے کہا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ چلنا چاہئے ہم کسی صورت بھی اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کے اداروں کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے، چوہدری افتخار نے کہا وزیراعلیٰ پنچاب کیلئے مریم نواز کا انتخاب بہترین ہے ،وہ پہلی خاتون وزیراعلی منتحب ہوئی ہیں اور باصلاحیت خاتون ہیں، مجھے پوری امید ہے وہ کامیاب وزیراعلی ثابت ہوں گی۔ چوہدری افتخار احمد نے کہا وزرات اور جھنڈا لینا میرا مقصد سیاست نہیں پاکستان کے حالیہ نگران سیٹ اپ میں وزرات نہ لینے کا مجھے کوئی افسوس نہیں ،میں عوامی سیاست کا قائل ہوں، نگران وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے کا مجھے کوئی پچھتاوا نہیں، عزت بڑے عہدوں سے نہیں ملتی بلکہ عوام کی خدمت کر کے حقیقی عزت اور سکون ملتا ہے۔ چوہدری افتخار احمد نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کی موثر آواز بنوں گا۔ اوورسیز پاکستانی ہمارے جسم و جان کی طرح ہیں ان کے مسائل کا حل میری پہلی ترجیع ہے۔