کراچی (نیوزڈیسک) بھارت میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، یہ انتخابات سات مرحلوں میں 19 اپریل سے یکم جون تک ہوں گے۔ چار جون کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔سکم، اڑیسہ، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش کی اسمبلیوں کیلئے بھی لوک سبھا کے ساتھ ہی انتخابات ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ہفتے کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں انتخابی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ریاستوں میں اسمبلی کی 26نشستوں کے لیے ضمنی انتخابات بھی ساتھ ساتھ ہوں گے۔راجیو کمار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اسمبلی انتخابات لوک سبھا انتخابات کے بعد کرائے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 19اپریل، دوسرے میں 26 اپریل، تیسرے میں سات مئی، چوتھے میں 13، پانچویں میں 20مئی چھٹے میں 25 مئی اور ساتویں میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 98کروڑ ووٹرز ہیں جن میں 47 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔