• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیپس نے سیکورٹی خطرے کی وجہ سے یوکرین کا دورہ ترک کیا، رپورٹ

لندن (پی اے) گرانٹ شیپس نے سیکورٹی خطرے کی وجہ سے یوکرین کا دورہ ترک کیا۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت دفاع نے کہا ہےکہ گرانٹ شیپس نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر گزشتہ ہفتے جنوبی یوکرین کا دورہ منسوخ کیا تھا۔ مسٹر شیپس نے اوڈیسا کا سفر اس وقت کرنا تھا جب شہر پر میزائل حملہ کے ایک دن بعد یوکرین کے صدر اور یونانی وزیراعظم بھی اسی دورہ پر ہوتے۔ یوکرینی حکام نے بتایا کہ اس حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ مسٹر شیپس کو پولینڈ سے یوکرین تک راتوں رات ٹرین میں سفر کرنا تھا، ان کے ساتھ چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف ایڈم سر ٹونی راڈاکن اور برطانوی حکام کی ایک چھوٹی ٹیم بھی تھی۔ ان کے سفر کا مقصد یوکرین کے رہنما ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی جنگی انتظامیہ کے سینئر ارکان سے ملاقات کرنا تھا لیکن 7 مارچ کو کیف پہنچنے کے بعد مسٹر شیپس کا اوڈیسا کا اگلا سفر ان کی حفاظت سے متعلق خدشات کے پیش نظر آخری لمحات میں اچانک منسوخ کر دیا گیا۔ سنڈے ٹائمز، جس کا ایک رپورٹر اس وفد کے ساتھ سفر کر رہا تھا، نے بتایا کہ انٹیلی جنس اپ ڈیٹ کے ذریعے کریملن کو اس بارے میں علم ہونے کے بعد یہ سفر منسوخ کر دیا گیا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ روز اوڈیسا میں ہونے والی ہڑتال نے مسٹر شیپس کی حفاظت کے لئے خطرے کی سطح کو کافی حد تک بڑھا دیا تھا۔ مسٹر شیپس نے اخبار کو بتایا کہ پیوٹن نے خود کو لاپرواہ اور بے رحم ظاہر کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ خطرناک طور پر دو مغربی رہنماؤں کو قتل کرنے کے قریب پہنچ چکے تھے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ جان بوجھ کر کیا جاتا یا حادثاتی طور پر۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے حالیہ دورے پر سیکرٹری دفاع نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اوڈیسا کا طے شدہ دورہ نہیں کیا۔ برطانیہ یوکرین کے لئے بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور سیکرٹری دفاع کے دورے اور مصروفیات نے صرف پیوٹن کی جارحیت کے پیش نظر اس حمایت کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس ہفتے کے شروع میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ برطانیہ اور پولینڈ کے درمیان مسٹر شیپس کو لے جانے والے آر اے ایف کے طیارے نے روسی سرزمین کے قریب پرواز کرتے ہوئے اس کا جی پی ایس سگنل جام کر دیا تھا۔ مسٹر شیپس کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب لیٹویا کے وزیر خارجہ نے برطانیہ اور دیگر نیٹو ممالک سے روس کو روکنے کے لئے بھرتی پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جنوری میں روس کی سرحد سے متصل بالٹک ریاست نے بھرتی کا پروگرام دوبارہ متعارف کرایا یعنی 18 سے 27 سال کی عمر کے مردوں کو اپنی فوج کا حجم بڑھانے کے لئے 11 ماہ کی فوجی سروس مکمل کرنی ہوگی۔ سنڈے ٹیلی گراف نے پوچھا کہ کیا برطانیہ اور دیگر ممالک لیٹویا کے ماڈل کو فالو کریں گے، کرسجنیس کارنس نے کہا کہ ہم اس کی سختی سے سفارش کریں گے۔

یورپ سے سے مزید