• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی: مقتول محمد فہیم کی نماز جنازہ ادا، میت پاکستان روانہ

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر) جر منی کے شہر اولم میں پاکستانی محمد فہیم کے دردناک قتل سے پاکستانی کمیونٹی میں غم وغصہ کی شدید لہر دوڑ گئی ۔ مقتول محمد فہیم کراچی عزیز آبادکے علاقے کے رہنے والے تھے جو برسوں پہلے ہجرت کر کے جرمنی میں آباد ہو گئے تھے اور جرمنی کے شہر اولم میں اپنی بیوی اور بیٹیوں کے ساتھ مقیم تھے۔58سالہ فہیم الدین ٹیکسی ڈرئیور تھے۔مقتول فہیم کی نمازِ جنازہ میں پاکستانیوں کے علاوہ کثیر تعداد میں ترکیہ کے مسلمانوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر شرکاء نے مقتول کو سخت سزا دینے کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ نماز جنازہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ملک محمد رمضان ،سید فدا شاہ،شیخ منیر،چوہدری محمد سلیم گجر،ماسٹر ساجد،حسن رضا،علی رضا،علی عباس کیانی،ذاکر جہانگیر اسدی کے علاوہ پاکستان کے قونصلیٹ جنرل زاہد حسین ودیگر افسران نے شرکت کی۔قونصلیٹ جنرل زاہد حسین نے نمائندہ جنگ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی فہیم الدین کا جرمنی میں بیہمانہ قتل انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، میں اس قتل پر انتہائی رنجیدہ ہوں، پاکستانی قونصل خانہ مرحوم کے لواحقین سے مکمل ہمدردی رکھتا ہے۔مرحوم فہیم الدین کی میت تدفین کیلئے بروز اتوار کراچی پاکستان روانہ کر دی گئی ۔
یورپ سے سے مزید