• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیوبر نادر علی نے شیر افضل مروت کی زندگی کیسے بچائی؟


پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما ایم این اے شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ معروف یوٹیوبر اور پرینکسٹر نادر علی نے اِن کی زندگی بچائی ہے۔

حال ہی میں شیر افضل مروت نے ایک خاتون وی لاگر کو انٹرویو دیا ہے۔

اس انٹرویو سے شیر افضل مروت کے کچھ دلچسپ کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں وہ اپنی زندگی کے کڑے وقت اور ایسے میں نادر علی کی ویڈیوز سے ملنے والی مدد سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

انٹرویو کے دوران خاتون وی لاگر شیر افضل مروت سے پوچھتی ہیں کہ کیا آپ زندگی میں کبھی مایوس بھی ہوئے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں سیاستدان و سابق جج، شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ ایک بار ان کی زندگی بہت کٹھن ہو گئی تھی، سخت حالات کے باعث اُن دنوں وہ سخت ذہنی دباؤ اور اذیت سے دوچار تھے اور اپنی زندگی میں بہت کڑے وقت کا سامنا کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے قبیلے کے لوگوں پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کیے جا رہے تھے، ایسے ہی ایک حملے میں میرے والد کو بھی اُن گن مینوں سمیت قتل کر دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ گہرے صدمے میں چلے گئے تھے، ڈیڑھ سے 2 سال کا عرصہ انہوں نے بہت تکلیف میں گزارا۔

شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ والد صاحب کے قتل کے بعد حالات انتہائی مایوس کن ہوگئے تھے، قبیلے میں بدامنی کا راج تھا، صورتحال ایسی سنگین تھی کہ انہیں زندگی سے ہی اکتاہٹ ہونے لگی تھی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اُس وقت میرے ذہن میں یہ خیال آتا تھا کہ زندگی اتنی بھاری کیوں ہے، ساری تکلیفوں سے یکمشت ہی نجات حاصل کرلوں، ذہن میں بھی بہت عجیب و غریب خیالات آیا کرتے تھے۔

شیر افضل نے مزید بتایا کہ ان کو اس قدر مایوسی نے گھیر لیا تھا کہ ان کے اندر زندہ رہنے کی خواہش ہی ختم ہوگئی تھی۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس موقع پر نادر علی کی پرینکس ویڈیوز (مذاق پر مبنی ویڈیوز) نے اُنہیں اس قدر سہارا دیا کہ وہ دوبارہ جینے کی طرف واپس آئے اور ان کے بچے یتیم ہونے سے بچ گئے۔

انٹرویو میں شیر افضل مروت کا نادر علی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نادر علی قوم کا اثاثہ ہیں، وہ عنقریب نادر علی سے ملنے کراچی جا رہے ہیں جہاں وہ دو دن صرف ان کے ساتھ ہی گزاریں گے۔


ایک اور ویڈیو میں شیر افضل مروت کو اپنے اس انٹرویو پر مزید بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ نئی ویڈیو خود نادر علی کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر بھی کی گئی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید