• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونین ہے صدف تو گُہر اُس کا خدیجہ ؓ

منزل مِرے آقاؐ ہیں، سفر اُس کا خدیجہ ؓ

ہے سایہ فگن موسمِ گُل جس پہ ہمیشہ

وہ گلشنِ ایماں ہے ، شجر اُس کا خدیجہ ؓ

ہے جلوہ فگن عالمِ نسواں پہ جو اِک نور

نسبت کا شجر ہے تو ثمر اُس کا خدیجہ ؓ

اِسلام پھَلا پُھولا سدا جن کی بہ دولت

کُنبہ ابو طالبؓ کا تو گھر اُس کا خدیجہ ؓ

منزل ہے اُسی کی جو پکارے گا نبیؐ کو

منزل ہے دُعا اور اثر اُس کا خدیجہ ؓ

مصروف قلم تیرا ہے حق جوئی میں ہر دم

مدحت ہو رقم اور ہُنر اُس کاخدیجہ ؓ

( ریاض ندیم نیازی)