• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے پاس محفوظ نیوکلیئر پاور پلانٹس چلانے کا تجربہ ہے، اسحٰق ڈار

برسلز، کراچی (حافظ انیب راشد، جنگ نیوز)وفاقی وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ ماحول دوست جوہری توانائی مستقبل کے لیے قابل عمل حل پیش کرتی ہے۔برسلز میں جوہری توانائی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ ٹیکنالوجی نے نیوکلئیر انرجی کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا ہے، ہمیں اپنی توجہ حفاظت اور فضلہ کے انتظام اور پھیلاؤ پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہمیں اپنی توجہ نیوکلئیر سیفٹی پر بھی مرکوز رکھنی چاہیے، چھوٹے ماڈیولس ری ایکٹر نے جوہری توانائی کو دور دراز کی آبادیوں تک پہنچانے کا وعدہ کیا ہے جو ان جگہوں پر صاف توانائی تک رسائی فراہم کرتے ہیں جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پاس نیوکلیئر پاور پلانٹس کو محفوظ طریقے سے چلانے کا تجربہ ہے، ہم نے پہلے نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر 66 دہائی قبل کراچی میں شروع کی تھی، ہمارے پاس ابھی 6 فعل نیوکلئیر پاور پلانٹس ہیں جن سے 3 ہزار 530 میگا واٹس بجلی پیدا ہوتی ہے، جوہری توانائی آج ہماری نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا تقریباً 8 فیصد ہے۔میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان جوہری توانائی پیدا کرنے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور ہم دنیا کے ساتھ اپنے ان تجربات کو بانٹنے کیلئے تیار ہیں ۔ میں یقین رکھتا ہوں کہ ترقی پذیر ممالک کو بھی نیوکلیئر توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملٹی لیٹرل سرمایہ کار ادارے آگے آئیں اور زیادہ شدت کے ساتھ جوہری توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

یورپ سے سے مزید