• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، عامر آفتاب قریشی

ایتھنز (مرزا رفاقت حسین) یونان میں سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایتھنز کے مقامی ہوٹل میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف ملکوں کے سفارت کاروں سمیت اعلیٰ یونانی حکام کے علاوہ دو سو سے زائد مہمانوں نے شرکت کی یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا۔ اس تقریب کی خاص بات یونان کے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی شرکت تھی۔ تقریب میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ پاکستانی اسٹالز پر رکھی اشیاء پر لوگوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ قومی ترانے کی دھن کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونان میں پاکستان کے سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے ،ہم دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پچھلے کچھ برسوں میں انتہائی کامیابی کے ساتھ ہمارے سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا ہے، پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، سفیر پاکستان نے کہا کہ یونان اور پاکستان کے تعلقات بہت قدیم اور مضبوط ہیں اور آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوں گے ۔سفیر پاکستان نے دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں پاکستان اور یونان کی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھی شرکت کی اور سفیر پاکستان کے ساتھ مل کر یوم پاکستان کا کیک کاٹا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اراکین اور یونانی مہمانوں نے پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے شرکاء کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔
یورپ سے سے مزید