برسلز( نمائندہ جنگ ) پاکستان کا سب سے بڑا بین الاقوامی تجارتی شراکت دار کون ہے۔ یہ بحث سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو کی جانب سے کانگریشنل ہیئرنگ میں امریکہ کو پاکستان کا Top تجارتی پارٹنر کہنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ ایک صارف کی جانب سے ڈونلڈ لو کا مذکورہ بیان X پر شیئر کرنے پر پاکستان میں موجود یورپین عہدیداروں نے بھی اس پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ کراچی میں موجود ایک اٹالین سفارت کار کی اس حوالے سے تصیحی وضاحت کو ری پوسٹ کرتے ہوئے پاکستان میں یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ مجموعی تجارت کے 31% فیصد حصے کے ساتھ یورپین یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے جبکہ 18فیصد امریکہ اور 8فیصد بین الاقوامی تجارت چین کے ساتھ ہوتی ہے اس حوالے سے ڈاکٹر رینا کیونکا نے تحریر کیا کہ درست، @danilogiurdanel: پاکستان کی 31فیصد برآمدات یورپی یونین کو جاتی ہیں جس سے یورپی یونین پاکستان کی پہلی برآمدی منزل بن جاتی ہے۔ 18فیصد امریکہ اور 8فیصد چین کو جاتا ہے ۔ یہ بات بھی درست ہے کہ ڈونلڈ لو نے اپنے بیان میں Top نمبر کی وضاحت پہلے نمبر کے طور پر ہی نہیں کی لیکن ان کے اس بیان اور پھر اس پر یورپین وضاحت نے پاکستان کے 3بڑے بین الاقوامی تجارتی پارٹنرز کی فہرست بنوا دی ہے۔