اسلام آباد (قاسم عباسی) پاکستان میں نیگلیریا کا ایک 22 سالہ مرد مریض پوری دنیا میں زندہ بچ جانے والے آٹھ افراد میں سے ایک ہے۔
کمانڈنٹ پی این ایس شفا اسپتال کراچی ڈاکٹر رفیق نے انکشاف کیا کہ یہ مریض پوری دنیا میں نیگلیریا لیبارٹری میں تصدیق شدہ آٹھ کیسز میں سے ایک ہے جو اب تک زندہ بچ گئے ہیں۔
مذکورہ بیماری کو ’دماغ کھانے کی بیماری‘ بھی کہا جاتا ہے جس میں اموات کی شرح 95 سے 99 فیصد ہے۔ ڈاکٹر محمد رفیق نے بتایا کہ پیتھالوجسٹ ڈاکٹر لقمان ستی کی جلد تشخیص اور ڈاکٹر برکی انٹینسیوسٹ/کروٹیکل کیئر اسپیشلسٹ پی این ایس شفا اسپتال کراچی کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم کے جارحانہ طبی علاج کے بعد ایک 22 سالہ مرد مریض جس میں نیگلیریا کے کیس کی تصدیق ہوئی وہ بچ گیا ہے۔
امریکہ میں صحت عامہ کی قومی ایجنسی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشنز (سی ڈی سی) نے اپنے جریدے میں بھی اس بقا کو ممکن بنانے میں پاکستان کی سخت کوششوں کی تعریف کی ہے۔