گزشتہ روز برطانوی شہزادی، پرنسس آف ویلز کیتھرین مڈلٹن نے اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ اُن میں کینسر کی تشخیص سامنے آئی ہے جس کے بعد اُن کا علاج جاری ہے۔
اس خبر نے ناصرف شاہی خاندان کے مداحوں بلکہ دنیا بھر میں موجود کیٹ مڈلٹن کے خیر خواہوں کو بھی پریشان کر دیا ہے۔
بادشاہ چارلس سوم نے بھی 42 سالہ شہزادی، کیٹ مڈلٹن کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنا ردِ عمل جاری کیا ہے۔
بکھنگم پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بادشاہ چارلس نے کہا ہے کہ شہزادی نے جس حوصلے سے اپنی بیماری سے متعلق بات کی ہے، بادشاہ کو اس پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ 75 سالہ بادشاہ چارلس بھی کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب کیٹ مڈلٹن کے شوہر، ولی عہد، پرنس ولیم کے چھوٹے بھائی، پرنس ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن نے بھی کیٹ مڈلٹن کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
کیٹ مڈلٹن کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے ایک خصوصی پیغام میں کیٹ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔
ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس نے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم کیٹ مڈلٹن اور شاہی خاندان کے لیے صحت اور تندرستی کی خواہش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ نجی طور پر اور امن کے ساتھ اس مشکل وقت سے لڑ سکیں گے۔‘
شہزادی کیتھرین مڈلٹن کا ویڈیو پیغام:
یاد رہے کہ برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ان کا کیمو تھراپی کے ساتھ علاج جاری ہے۔
گزشتہ روز شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ونڈسر سے انتہائی جذباتی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنی بیماری کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
کیٹ مڈلٹن کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میری جنوری میں سرجری ہوئی تھی جو کہ کامیاب رہی تاہم سرجری کے بعد مختلف ٹیسٹ میں پتہ چلا کہ کینسر ابھی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ٹھیک ہوں اور ہر روز ان چیزوں پر توجہ مرکوز کر کے مضبوط ہو رہی ہوں جو مجھے ٹھیک کرنے میں مدد کریں گی، ولیم کا میرے ساتھ ہونا سکون اور یقین دہانی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ لوگوں کی محبت، تعاون اور دعائیں میرے لیے بہت قیمتی ہیں۔