کراچی (رفیق مانگٹ) بھارتی نیوز چینل کی ویب سائٹ پر پاکستان کے خلاف مضمون شائع ہونے کے بعد غائب ہو گیا۔
بھارتی نیوز چینل’’انڈیا ٹی وی‘‘ کے چیئرمین اور ایڈیٹر انچیف رجت شرما کا پاکستان کے خلاف مضمون’’ مودی پاکستان سے اسی زبان میں بات کررہے ہیں جو وہ سمجھتا ہے‘‘ شائع ہوا اور چند منٹوں کے بعد یہ مضمون ویب سائٹ سے غائب ہو گیا۔
یہ آرٹیکل برطانوی اخبار گارڈین کے مضمون کے تناظر میں شائع کیا گیا جس میں ایک تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں افراد کو نشانہ بنانے کی پیشگی پالیسی اپنائی ہے۔
پاکستانی میڈیا پہلے ہی قیاس آرائیوں سے بھرا ہوا ہے کہ ہندوستانی ایجنٹوں نے پاکستانی سرزمین پر یہ ہلاکتیں کیسے کیں۔ رجت شرما اپنے شو’’ آپکی عدالت‘‘ کیلئے جانے جاتے ہیں جس میں وہ کمرہ عدالت جیسی سیٹنگ میں سیاستدانوں اور مشہور شخصیات کا انٹرویو کرتے نظر آتے ہیں۔