• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی تنازع، ڈیڈ لاک خاتمے کیلئے نیا پی سی بی فارمولا، آئی سی سی اور بھارت کے جواب کا انتظار

کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے فروری میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تنازع پر جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لئے نیا فارمولا پیش کردیا ہے، اس سلسلے میں آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے جواب کا انتظار ہے اور جمود کے خاتمے کیلئے اس کو تسلیم کرنا ہوگا، پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں لیکن پاکستان نے واضح کر دیا پاکستان کو پیسے نہیں بلکہ اپنی عزت اور وقار عزیز ہے، معاملہ حل کرنے کے لئے برابری کی بنیاد پر نیا فارمولہ طے کرنا ہو گا، تنازع کا حل اسی صورت میں ممکن ہے پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے نیا فارمولا کم از کم تین سال کیلئے طے کیا جائے اور نیا فارمولا صرف چیمپئنز ٹرافی کی حد تک لاگو نہیں ہو گا، پی سی بی کی شرط ہے کہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اس کا اطلاق اگلے تین برس تک آئی سی سی کے تمام ایونٹس کےلئے ہو گا، نئے فارمولے کے حوالے سے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ نئے فارمولے کو باقاعدہ طور ایک شکل دی جائے گی جس پر سب بورڈ ممبر کو متفق ہونا پڑے گا۔ ہفتے کو بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامند ہوگیا ہے۔ پاکستان کی شرط ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے لئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت، پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کے لئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔ پی سی بی کی شرط ہے کہ اگر بھارت، چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل اور فائنل میں نہ پہنچا تو یہ میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ متحدہ عرب امارت میں ہونے والے میچوں کی گیٹ منی سے اماراتی بورڈ پی سی بی کو حصہ دےگا۔ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر ڈٹا ہوا اور ہفتے کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ نہ ہوسکی۔ ڈیڈ لاک برقرار ہے ایسے میں دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو خوشخبری ملے گی وہ کچھ کریں گے، جس سے ملک اور کرکٹ کی جیت ہو۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا دعوی کر رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی برڈ ماڈل پر مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے۔ پی سی بی نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کی خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے کوئی فارمولا طے نہیں ہوا، پی سی بی اب تک میٹنگ ہی نہیں ہوئی تو فیصلہ کیسے ہو سکتا ہے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے کوئی حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، آئی سی سی اور بھارتی بورڈ اپنی بات چیت کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایسا فیصلہ ہوگا کہ آئی سی سی کے مستقبل کے ایونٹس بھی اسی فارمولے کے تحت ہوں گے، ہم نے کرکٹ کی جیت کرنی ہےکوئی فارمولا طے نہیں ہوا۔ ون سائیڈ فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔ فیصلے برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئے۔ ہم بھارت جائیں اور وہ پاکستان نہ آئیں، ایسا نہیں ہوسکتا ہے۔ لانگ ٹرم بات کرنا ہوگی۔ فیصلے صرف چیمپئینز ٹرافی تک محدود نہیں کئے جاسکتے۔ آئی سی سی کو طویل مدت پر ٹورنامنٹس کیلئے فارمولا طے کرنا ہوگا۔ یہ ایسا فیصلہ ہو گا آئی سی سی کے مستقبل کے ایونٹس بھی اسی فارمولے پر ہوں اس کا مطلب ہے کہ ہائی برڈ ماڈل اس بار رکھا گیا تو آئندہ بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ہائی برڈ ماڈل ہی ہوگا۔ پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید