• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹرز کی مہارت چمکانے کیلئے اظہر محمود کا انتخاب، تینوں فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ ہونگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کاکول میں ٹریننگ کیمپ میں فزیکل فٹنس بہتر بنانے کے بعد بورڈ نے کھلاڑیوں کی کھیل میں مہارت چمکانے کیلئے اظہر محمود کا انتخاب کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں وہ تینوں فارمیٹس میں غیر ملکی کوچز کے ساتھ کام کریں گے۔ پی سی بی کا اشتہار انہی کی اہلیت کو دیکھ کر تیار کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے ہیڈکوچ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ بورڈ نے ٹیم انتظامیہ کا بھی اعلان کردیا، وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر جبکہ منصور رانا منیجر ہونگے۔ سلیکٹر اور انڈر19ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ میں مقیم اظہر محمود مکی آرتھر کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کیلئے الگ الگ ہیڈ کوچز کیلئے معاملات طے پا چکے ہیں ۔ اسسٹنٹ کوچ کیلئے دو روز قبل اشتہار دیا گیا ، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ20اپریل ہے۔ہیڈ کوچز کیلئے درخواستیں 15 اپریل تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آل راؤنڈر اظہر محمود وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔ اور اس کا اعلان20اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا تاکہ تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہو سکیں اسی طرح ہیڈ کوچز کا اعلان بھی 15 اپریل کے بعد متوقع ہے۔ وائٹ بال کے ہیڈ کوچ کے لیے گیری کرسٹن اور ریڈ بال ہیڈ کوچ کیلئے جیسن گلیسپی کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں ۔ اظہر محمود نے 164 انٹرنیشنل میچوں میں 162 وکٹیں حاصل کیں اور 2421رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کا سپورٹ اسٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔ وہاب ریاض (سینئر ٹیم منیجر)، منصور رانا (ٹیم منیجر)، اظہر محمود (ہیڈ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، سعید اجمل (اسپن بولنگ کوچ)، آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سیئمن (اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ بٹ ( انالسٹ )، ارتضی کمیل (سیکیورٹی منیجر)، رضا کچلو (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)، زین مقصود (وڈیو گرافر)، ڈاکٹر خرم سرور (ڈاکٹر) اور محمد عمران (میسیور)۔

اسپورٹس سے مزید