خواتین کو اکثر وہ ریسیپی بھاتی ہے جس سے جھٹ پٹ اور آسانی سے لذیذ پکوان تیار ہو سکے، تو لیجیے حاضر ہے ’نمکین چکن کڑاہی‘ کی آسان سی ترکیب۔
اجزاء:
ہائی وے ریسٹورانٹس پر ملنے والے دیسی کھانوں کے ذائقے کا کوئی مقابلہ نہیں۔ ہر کوئی ان کو زیادہ سے زیادہ پسند کرتا ہے اور لوگ شہر بھر میں دور دور سے یہاں کھانا کھانے آتے ہیں۔
ہائی وے کے کھانوں میں یہاں کی کڑاہی سب سے زیادہ مشہور ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہاں کی ایک اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ لائیو آپ کو کھانا پکا کر دیتے ہیں، پہلے سے رکھی ہوئی کڑاہی سروو نہیں کرتے اور تازہ کھانے کا ذائقہ تو بالکل ہی منفرد ہوتا ہے۔
نمکین گوشت تو آپ نے بہت کھایا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں چکن نمکین گوشت کی ایسی کڑاہی جس کو کھانے والا انگلیاں چاٹتا رہ جائے۔
شیف مبشر نے بھی اس کی آسان اور دیسی ریسیپی بتائی ہے، آپ بھی اس کو آزمائیں اور گھر پر بنائیں بہترین مزیدار چکن نمکین کڑاہی وہ بھی صرف آدھے گھنٹے میں، تو چلیے۔
نمکین چکن کڑاہی بنانے کے اجزاء:
چکن ایک کلو، نمک 2 چمچ، آئل 1 کپ، ہری مرچ 4 سے 5، کٹی لال مرچ 1 چمچ، ٹماٹر 6 سے 7، کالی مرچ ایک چمچ، سفید مرچ ایک چمچ، پانی 1 سے ڈیڑھ کپ، کریم آدھا چمچ، ہلدی آدھا چمچ، دھنیا آدھا چمچ، ادرک لہسن پیسٹ 1 کھانے کا چمچ، بھنا کُٹا زیرہ آدھا کھانے کا چمچ، ادرک 1 انچ کا ٹکڑا۔
ترکیب:
چکن کو دھو کر اس کو خُشک کرلیں، کڑاہی میں آئل گرم کریں اس میں چکن ڈال کر اچھی طرح چمچ چلائیں اور تھوڑا سا پانی شامل کرلیں اور پکائیں جب تک گوشت کا رنگ گولڈن براؤن ہونے نہ لگ جائے۔
جب گوشت کا رنگ بدل جائے تو اس کو نکال کر الگ پلیٹ میں رکھ دیں اور تھوڑی دیر کھلا رہنے دیں تاکہ اضافی آئل نکل جائے۔
پھر کڑاہی میں ہلدی، دھنیا، زیرہ، کالی اور سفید مرچ، ثابت ٹماٹر اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی بھونیں۔
اب ٹماٹروں کو نکال کر ان کا چھلکا اتار دیں اور دوبارہ ان کو کڑاہی میں ڈال کر چمچ چلائیں۔
پھر گوشت کو اس میں شامل کریں اور ہری مرچیں ڈال کر 5 منٹ کیلئے دم پر رکھ دیں۔
لیجیے مزیدار نمکین چکن کڑاہی تیار ہے، اب ادرک گارنش کے طور پر ڈال کر اس کو نان کے ساتھ سروو کردیں۔
مزید لذیذ پکوان تیار کرنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں (https://ramadan.geo.tv/category/recipes) آپ مزے دار پکوانوں کی تراکیب سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔