• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی دستاویزات پر اسٹوڈنٹ ویزا گروہ کے مزید 5 ملزمان گرفتار

کراچی (افضل ندیم ڈوگر)اعلی تعلیم کے نام پر جعلسازی کرکے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے گروہ کے مزید 5ملزمان کو ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے عملے نے گرفتار کر لیا ہے۔ جعلی دستاویزات پر ایجوکیشن ویزے لگوانے والے ملزمان کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی مراد بلوچ نے اس معاملے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس گروہ میں ایک سرکاری افسر بھی شامل ہے۔ جعلساز گروہ گزشتہ چار سال کے دوران 250 لوگوں کو اسٹوڈنٹ ویزوں پر بیرون ملک بھیج چکا ہے۔ ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے نام پر ویزوں کے فی کس 15 سے 20 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ ملزمان نے مختلف تعلیمی بورڈ اور یونیورسٹیز کی اسناد کیلئے پرنٹنگ میشنز لگا رکھی تھیں۔ گرفتار ملزمان میں ایک سرکاری ادارے کا اعلیٰ سرکاری افسر بھی شامل ہے۔ گروہ کی جانب سے اب تک بیرون ملک بھیجے گئے تمام افراد کے کوائف بھی اکھٹے کیے جائینگے۔
اہم خبریں سے مزید