پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے شہر بھر میں سرگرم بھکاری مافیا اور جگہ جگہ لگے کچرے کے ڈھیر سے جان چھڑوانے کا بہترین طریقہ بتا دیا۔
حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حکومت وقت کو اہم مشورہ دے کر ایک تیر سے دو شکار کرنے کا ہنر سکھا دیا۔
اداکارہ نے بیک وقت بھکاری مافیا کو رزق حلال پر لگانے اور شہر بھر میں جگہ جگہ جمع ہونے والے کچرے کے ڈھیر کا بھی منفرد حل ڈھونڈ نکالا۔
بشریٰ انصاری نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا کہ میونسپل کمیٹی کو اختیار دیا جائے، جہاں بھی بھکاری نظر آئے اس کو شہر کی صفائی پر لگا کر ان کو اجرت دی جائے، شہری بھکاریوں کو بھیک کی جگہ جھاڑو لے کر دیں۔
اداکارہ کی مذکورہ انسٹا پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو بیشتر صارفین نے ان کے مشورے کی تعریف کی اور رائے سے اتفاق کیا۔ صارفین نے خواہش کا اظہار کیا کہ اس مشورے کو واقعی حقیقت کا رنگ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ایک صارف نے اس حوالے سے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کئی بار بھیک مانگنے والوں سے کہا کہ انہیں کام دلوا دیتے ہیں تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ جب کام کئے بغیر پیسے مل جاتے ہیں تو کام کی کیا ضرورت ہے؟