روم(نیوز ڈیسک)ایران نے شام میں اپنے سفارت خانے پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے کیے جس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کرنے کے لیے اٹلی نے جی-7ممالک کا اجلاس طلب کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کی G7کی آفیشل ویب سائٹ پر ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل پر ایران کے حملے پر بات چیت کیلئے ہنگامی طور پر آج ورچوئل اجلاس منعقد کیا جائے گا۔اٹلی کے وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اسرائیل پر ایران کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ G7اجلاس میں رکن ممالک مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔وزیر اعظم جارجیا میلونی نے مزید کہا کہ خطے میں ایرانی حملے سے پیدا ہونے والے عدم استحکام پر سخت تشویش ہے اور اس صورت حال کو بدلنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ ایران کے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بھی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔