بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے متعلق تحقیقات میں ہوشربا انکشاف سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا کے اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ سے متعلق تفصیلات حاصل کرلیں مگر دونوں ایجنسیز کو کیس کے ٹرانسفر کی درخواست تاحال موصول نہیں ہوئی۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان تفصیلات کے مطابق جس لمحے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت پولیس کی گاڑی سلمان خان کے گھر کے باہر موجود نہیں تھی۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی ممبئی میں سلمان خان کے اس گھر کے باہر ہر وقت سیکیورٹی کےلیے موجود رہتی ہے۔
ادھر ممبئی پولیس نے بھی فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد سے متعلق تحقیقات کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا کہ اس واقعے کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی رہائشگاہ کے قریب پہنچنے کےلیے جس موٹر بائیک کو ملزمان نے استعمال کیا وہ انہوں نے ممبئی کے ایک بائیک ڈیلر سے خریدی تھی جو کہ ایک پرانی بائیک تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک شخص کی شناخت روہیت گودارا کے نام سے ہوئی ہے جو راجستھان میں بشنوئی گینگ کو چلاتا ہے اور اسی پر مئی 2022 میں سدھو موسے والا کے قتل کا الزام ہے۔