لندن( نیوز ڈیسک) انگلینڈ کے لیجنڈری اسپنر ڈیرک انڈروڈ پیر کو 78سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیرک انڈروڈ نے 1966 سے 1982کے درمیان 86ٹیسٹ میچوں میں 297 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 26ایک روزہ میچز کھیلے جس میں انہوں نے 26وکٹیں اپنے نام کیں۔وہ انگلینڈ کی تاریخ میں چھٹے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، 1969سے 1973تک انڈروڈ آئی سی سی رینکنگ میں سب سے اوپر تھے۔ڈیرک انڈروڈ نے 17سال کی عمر میں اپنی پہلی ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا اور اپنا فرسٹ کلاس کیریئر کینٹ کے ساتھ کھیلا جہاں انہوں نے 19کی اوسط سے 2,523وکٹیں حاصل کیں۔ڈیرک انڈروڈ تکنیکی لحاظ سے بڑے شاندار باؤلر تھے اور انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں ایک بھی وائیڈ بال نہیں کرائی۔ ان کی ان سوئنگ بال بھی بڑی مشہور تھی جس سے بلے باز ایل بی ڈبلیو ہو جاتے تھے۔