• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی بینک کا 10 سال کیلئے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان پر اتفاق

واشنگٹن (نیوز ایجنسیز/ جنگ نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی حمایت کردی ہے اور دونوں نے 10سال کیلئے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان پر اتفاق بھی کرلیا ہے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے صدر عالمی بینک اجے بنگا سے ملاقات کی اور ٹیکسیشن ، توانائی اور نجکاری میں جاری اصلاحات میں پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ اجے بنگا نے کہا کہ پاکستان کی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کیلئے مکمل حمایت کریں گے ۔ ادھر جے پی مورگن سیمینار سے خطاب اور دیگر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے زیادہ فعال اور ذمہ دارانہ عالمگیر مالیاتی تحفظ کا نظام ضروری ہے۔ پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کے دوران اقتصادی اصلاحات پر پیش رفت کا اشتراک کیا۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے زیر اہتمام موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن کے دورے پر موجود وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے ترجیحی شعبوں میں جاری اصلاحات میں پاکستان کی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف ملٹی بلین ڈالر کے نئے پروگرام پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دونوں فریقین نے 10سال کے لیے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔‘ تین ارب ڈالر کے جاری اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام پر گزشتہ سال موسم گرما میں دستخط کیے گئے تھے، اور اس ماہ اس کی میعاد ختم ہو جائے گی۔ پاکستان کو اپریل کے آخر میں 1.1بلین ڈالر کی آخری قسط ملنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد نے اپنے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کی حمایت کے لیے عالمی قرض دہندہ کے ساتھ ملٹی بلین ڈالر قرض کے ایک نئے معاہدے پر بھی بات چیت شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا، عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اور محصولات میں اضافے کے لیے پاکستان کی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

اہم خبریں سے مزید