برمنگھم (ابرار مغل) انجمن خدام الصوفیہ امیر ملت ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام جامع مسجد امیر ملت شیکسپیئر سٹریٹ میں عیدالفطر کی مناسبت سے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی سرپرستی سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی۔ اس موقع پر برمنگھم اور اس کے قرب و جوار سے کثیر تعداد میں علماء، مشائخ و جملہ عاشقان طریقت نے شرکت کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی و دیگر شرکاءنے فلسطینیوں اور کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں ظلم و ستم کا شکار ہونےوالے مسلمانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اہل غزہ کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین نے بیت المقدس کی حفاظت کیلئے لازوال تاریخ رقم کی اور شہداءکے خون نے آزادی کی تحریک میں نئی روح پھونک دی ہے۔ شہادتیں اور قربانیاں آزادی کی جدوجہد کا راستہ ہرگز نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کر کے اہل وطن کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائے۔ انہوں نے نوشکی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 11 افراد کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ایسی خبر کسی المناک سانحہ سے کم نہیں۔ بلوچستان اور پنجاب کے درمیان نفرت پھیلانا بیرونی دشمنوں کی دیرینہ خواہش ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مزدوروں کے قاتلوں کو جلد سے جلد نشانِ عبرت بنایا جائے اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کی جنگ پھیلی تو پاکستان سمیت خطے پر عدم استحکام کے اثرات مرتب ہوں گے لہٰذا اس حوالے سے پاکستان سمیت مسلم ممالک کا متفقہ جواب آنا چاہئے۔ خطے میں جنگ کا بڑھنا اسرائیل کے سوا کسی کے مفاد میں نہیں۔ اسرائیل ظلم و ستم کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے، اسرائیل کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر نہتے فلسطینیوں پر کی گئی بمباری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مودی سرکار کی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی، کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے بلادریغ پیش کر رہے ہیں اور ان کی شہادتیں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار انتخابات سے قبل مسلمانوں کی مذہبی آزادی چھیننے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ہندوستان کے اندر مسلمانوں کو بنیادی مذہبی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی و دیگر شرکاءنے پاکستان، فلسطین، عراق، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا ظلم و ستم کا شکار ہونے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کےلئے خیروبرکت کی دعا بھی کی۔