راولپنڈی( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر )راولپنڈی پولیس نے موٹروے پولیس کے اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ نصیرآبادکے علاقہ میں واقع ٹول پلازہ پریکم جنوری کوایک کار سوار خاتون کار سرکار میں مزاحمت کرتے ہوئے کار کو روکنے والے پٹرولنگ افسر محمدصابر کو اپنی گاڑی سے ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگئی تھی ،واقعہ کا مقدمہ موٹروے پولیس کی مدعیت میں دو جنوری کو تھانہ نصیرآباد میں درج کیا گیا تھا۔ ملزمہ کی شناخت فرح کے نام سے ہوئی جو گرفتاری سے بچنے کیلئے مفرور ہو گئی تھی۔ پولیس نے ملزمہ سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔ پولیس کاکہناہے کہ ملزمہ کو اقدام قتل، کار سرکار میں مداخلت اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلا کر شہری کو زخمی کرنے کے جرائم میں چالان کیا جائیگا۔