کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تین ماہ کے دوران 239بچوں کی گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 221بچے مل گئے تاہم 18بچے تاحال لاپتہ ہیں ۔ گمشدہ و لاپتہ بچوں کی تلاش کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم روشنی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر آرگنائزیشن (روشنی ہیلپ لائن )کی جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں کراچی کے ضلع وسطی سے 26، ضلعی غربی سے 41، شرقی سے 32، کورنگی سے 40م ملیر سے 31، جنوبی سے 18، کیماڑی سے 29اور سٹی سے 22بچے لاپتہ ہوئے ۔ ان میں 190بچے اور 49بچیاں شامل ہیں ۔ جنوری میں 113، فروری میں 70جبکہ مارچ میں 56بچے لاپتہ ہوئے ۔ تاحال لاپتہ بچوں میں 11بچے اور 7 بچیاں شامل ہیں جن میں پیدائش سے پانچ سال تک کے 3، چھ سے دس سال تک کے 4، گیارہ سے 15سال تک کے 5 اور سولہ سے اٹھارہ سال تک کے 6بچے شامل ہیں ۔ اس ضمن میں جنگ سے گفتگو کے دوران روشنی ہیلپ لائن کے سربراہ محمد علی نےبتایا کہ جو بچے تاحال لاپتہ ہیں ان کی ایف آئی آر درج ہیں جن میں اغوا کی دفعات بھی شامل ہیںاور ان کا ادارہ پولیس کے ساتھ مل کر ان کی تلاش کا کام کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے لاپتہ ہونے کے مقامات اور عمریں مختلف ہیں ۔