• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ گنڈاپور نے شیر افضل مروت کے بھائی کو معاون خصوصی کے عہدہ سے فارغ کردیا

پشاور(نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے بھائی اور اپنے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی’’ خالد لطیف مروت‘‘ کو عہدہ سے فارغ کرتے ہوئے ڈی نوٹیفائی کردیا ہے

 ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خالد لطیف کی کارکردگی سے ناخوش تھے اورانہوں نے بانی چیئرمین کو بھی شیر افضل مروت کے بھائی کی کارکردگی اور دوسرے محکموں میں مبینہ مداخلت سے آگاہ کیا تھا۔

 خیبر پختونخوا کے محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا مشیر و معاونین خصوصی ایکٹ 1989کے سیکشن 3کے تحت اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اپنے معاون خصوصی خالد لطیف خان مروت کو ان کے عہدہ سے ہٹاتے ہوئے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا ہے اور انہیں فوری طور پر بحیثیت معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنی ذمہ داریاں چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید