• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

311غیر قانونی چنگ چی رکشے ضبط، ڈرائیورز گرفتار کرلئے گئے، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں غیرقانونی چنگچی رکشوں اور موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 311 چنگچی رکشے اور موٹر سائیکل رکشے ضبط کرکے 311 ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی 11 ماڈل سڑکوں پر غیرقانونی چنگچی رکشوں اور موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف 16 اپریل 2025 ءسے کریک ڈاؤن جاری ہے،جب کہ غیرقانونی اور غیرمعیاری ٹرانسپورٹ کے خلاف سندھ حکومت کی ہدایات پر 9اپریل سے شروع ہوا کریک ڈاؤن بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کے دوران فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے اور دیگر غیرقانونی تبدیلیوں پر بھی کارروائیاں کی گئی ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 515 بھاری اور ہلکی گاڑیاں ضبط، 31,677 موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئیں، 25گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منسوخی کی سفارش کی گئی۔ ادھر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کی ہمیشہ مذمت کرتا آیا ہے اور ہم نے اپنے ملک میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس ختم کر دیئے ہیں جبکہ بھارت خود پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دیتا رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی، تو یہ بھارت کی سیاسی و عسکری خودکشی ہو گی۔
اہم خبریں سے مزید