• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے امریکی اور برطانوی حکام اور اداروں پر پابندیاں عائد کردیں

لندن (زاہدانور مرزا) فلسطینیوں کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت پر ایران نے امریکی اور برطانوی حکام اور اداروں پر پابندیاں عائد کردیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکی و برطانوی حکام اور اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ایران نے جن 7 اعلیٰ امریکی حکام پر پابندیاں نافذ کی ہیں، ان میں اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے کمانڈر جنرل برائن فینٹون اور امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سابق کمانڈر وائس ایڈمرل براڈ کوپر بھی شامل ہیں۔ جو برطانوی حکام اور ادارے ایرانی پابندیوں کی زد میں آئیں گے، ان میں سیکرٹری دفاع گرانٹ شیپس، برطانوی فوج کی اسٹریٹجک کمانڈر کے سربراہ جیمز ہاکن ہل اور بحیرہ احمر میں موجود برطانوی رائل نیوی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایران نے امریکی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن اور شیورون اور برطانوی کمپنیوں ایلبیٹ سسٹمز، پارکر میگیٹ اور رافیل یوکے پر جرمانے عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ایران کے مالیاتی اور بینکاری نظام سے منسلک کھاتوں (اکاؤنٹس) اور رقوم کے لین دین پر پابندی، اسلامی جمہویہ ایران کی حدود میں آنے والے (امریکی و برطانوی) اثاثوں کو قبضے میں لینا اور ایران میں داخلے کے لئے ویزا کا عدم اجرا شامل ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایران کی عائد کردہ پابندیاں امریکی و برطانوی حکام یا اداروں، اثاثوں اور ایران کے ساتھ معاملات پر کس طرح اثرانداز ہوں گی۔ واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے لے کر اب تک غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور زمینی فوجی کارروائی میں 34568فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

یورپ سے سے مزید