• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکی آٹے کی ریٹیل سرکاری قیمت 30 روپے کم، 98 روپے فی کلو مقرر، روٹی اور ڈبل روٹی کی قیمت کم نہیں کی گئی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنرکراچی اور فلورملزایسوسی کے درمیان مذاکرات ، کراچی میں ڈھائی نمبر آٹے( چکی آٹے) کی ریٹیل سرکار ی قیمت 30 روپے کی کمی سے 98 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی،چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چوہدری عامر کا کہنا ہے کہ ہم تو کئی روز پہلے سے قیمت میں کمی کر چکے ہیں ،فائن آٹے کی قیمت بھی 20 سے 25 روپے کلو کم ہو چکی ہیں،دریں اثنا آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود کراچی میں روٹی اور ڈبل روٹی کی قیمت کم نہیں کی گئی،شہر میں روٹی 20،25 اور 30روپے میں فروخت ہو رہی ہے ،سستا آٹا خرید نے کے باوجود تندور مالکان عوام کو ریلف دینے سے گریزاں ہیں اور بھاری منافع کما رہے ہیں ،فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ تندور مالکان براہ راست مل مالکان سے آٹا خریدتے ہیں اس طرح انھیں فی کلو آٹا ریٹیل سے بھی 10روپے کم نرخ پر ملتا ہے واضح رہے کہ فلور ملز کی جانب سےآٹے کی ایکس فلور مل قیمت 91سے 92روپے فی کلو ہے ،اور نقد ادائیگی پر اس کا نرخ مزید 2روپے تک کم ہو جاتا ہے ،تندور مالکان کے ساتھ ڈبل روٹی اور بند بنانے والوں نے بھی عوام کو کوئی ریلف نہیں دیا ،اس وقت بھی درمیانے سائز کی ڈبل روٹی 120روپے میں فروخت ہو رہی ہے کچھ عرصہ قبل اس ڈبل روٹی کی قیمت 60روپے تھی لیکن آٹے کی قیمت میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے اس کی قیمت مسلسل بڑھا کر 120روپے تک پہنچا دی ہے اب کئی ہفتے سے ڈبل روٹی مینوفیکچرز سستا آٹا اور میدہ خرید کر بھاری منافع حاصل کر رہے ہیں ،لیکن ڈبل روٹی ،بن اور پاپے ( رسک ) کی قیمت کم نہیں جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید