• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: ’’انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس‘‘ مزید ایک ہزار بھرتیوں کا فیصلہ

لاہور(آصف محمود بٹ ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی ’’انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس‘‘ کا نیٹ ورک پورے صوبے تک پھیلانے کے لئے مزید ایک ہزار افسران وملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ’’اسمارٹ فورس‘‘ میں اڑھائی سو افراد کو بھرتی کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے صوبے کے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی اس فورس مزید مضبوط اور مستعد بنایا جائے تاکہ یہ سارے چیلنجز کو سنبھال سکے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف اس جنگ میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ’’انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس‘‘ میں مزید ایک ہزار بھرتیوں کا عمل آئندہ ستمبر تک مکمل کر لیا جائیگا۔ یہ لوگ روایتی فورس کی طرح کام نہیں کریں گے ۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائیگی جن میں ڈرونز اور سیٹلائٹ بیک اپ سسٹم شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ’’انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس‘‘ کے (Key Performance Indicators) کے پی آئیز بنا رہے ہیں جن کے تحت ان کے ایکشنز کو ماینٹر کیا جائیگا۔ سیکرٹری ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ صوبے کے سات شہروں جن میں مری، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، لاہور اور ملتان شامل ہیں ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ ان ہاٹ سپاٹس کے حوالے سے جو پیرا میٹرز طے کئے تھے ان کے مطابق مذکورہ شہروں میں اربنائزیشن، انڈسٹرلائزیشن اور گاڑیوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے ائیر کوالٹی کمپرومائز اور زیر زمین پانی خراب ہوچکا ہے۔ سیکرٹری ماحولیات نے بتایا کہ ان شہروں میں پلاسٹک بیگ کے بہت زیادہ استعمال سے گرین کور ختم ہو رہا ہے۔ ’’انوائرنمنٹل پروٹیکشن فورس‘‘ کو 250الیکٹرک بائیکس، ہائیبرڈ گاڑیاں، موبائل ائیر کولٹی مانیٹرنگ سٹیشنز، سموگ انالائزرز اور واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریاں فراہم کی گئی ہیں۔ جتنا ماحولیات پر خرچ کریں گے حکومت کا ہیلتھ بل کم ہوگا کیونکہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے سانس ، پیٹ اور پانی سے متعلقہ بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید