کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 مئی ایک المناک دن ہے، جو ہمیں کشیدگی اور تشدد کی سیاست کے برے نتائج کی جانب بھی توجہ مبذول کراتا ہے۔ بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں 12 مئی 2007 کے پرتشدد واقعات میں شہید یا متاثر ہونے والے تمام جیالوں اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی کارکنان کی جمہوریت سے غیرمتزلزل وابستگی اور جمہوریت مضبوط بنانے کے لیے ان کی انتھک کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ 12 مئی جیسے ماضی کے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس طرح کے کاموں میں ملوث کرداروں کا باقاعدہ محاسبہ کرتی ہے، جس میں آنے والی نسلوں کے لئے ایک سبق ہوتا ہے۔