میڈرڈ (نیوز ڈیسک) ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا۔خبررساں اداروں کے مطابق ارجنٹائن کے صدر نے اسپین کے دورے کے موقع پر میڈرڈ میں انتہائی دائیں بازو کی ایک ریلی میں خطاب کے دوران ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ بگونیا گومیز کوکرپٹ کہہ دیا تھا، جس پر اسپین نے بیونس آئرس سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ ارجنٹائن کے صدر ہاویئر ملئی نے اپنی تقریر میں سوشلزم کو ملعون اور سرطانی قرار دیاتھا اور کہا تھا کہ ہسپانوی وزیر اعظم ایک سوشلسٹ پارٹی کی قیادت کرتے ہیں۔ اس بیان پر ہسپانوی وزیر خارجہ البرز نے کہا کہ ملئی نے اسپین اور ارجنٹائن کے تعلقات کو حالیہ تاریخ کی سنگین ترین حالت میں پہنچا دیا ہے۔