کراچی(استاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سپلا کے تعاون سے کوالٹی اسسمنٹ پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر نسیم احمد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹربورڈ ایسے پروگرام مستقل بنیادوں پر مرحلہ وار منعقد کرے گا جس میں اساتذہ کو پیپر سیٹنگ، ماڈریشن، کوڈیفکیشن، کوالٹی اسسمنٹ اور شفاف طریقے سے رزلٹ کی تیاری کے حوالے سے تربیت دی جائے گی، اس سلسلہ کا پہلا پروگرام آج منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹریننگ پروگرام اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہوگا جس میں اساتذہ کو اسسمنٹ کے اصول و ضوابط اور تیکنیکس سے آگاہ کرنے کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ چیئرمین انٹربورڈ کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور بورڈ کا چولی دامن کا ساتھ ہے طلباء کے مفاد میں ضروری ہے کہ بورڈ اور اساتذہ تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹربورڈ اگست کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دے گا جو الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے دورے کر یں گی اور وہاں اساتذہ کی تعداد اور ایکوئپمنٹ کا جائزہ لیں گی۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن کا کہنا تھا کہ آئندہ یقینی بنایا جائے گا کہ پرنسپلز کی طرف سے طلباء کی 75فیصد حاضری کا سرٹیفکیٹ دیا جائے، اس سلسلے میں پرنسپلز اور انٹربورڈ کے درمیان مستقل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ ہر ماہ طلباء کی حاضری چیک کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انٹربورڈ کے تحت کوالٹی اسسمنٹ ورکشاپ کے انعقاد میں سپلا کا تعاون اور اساتذہ کی حاضری قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد میں بورڈ کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ زاہد راجپر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے پروگرام کے انعقاد پر چیئرمین انٹربورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر پروفیسر منورعباس نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن اوربورڈ کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اساتذہ کی حاضری کو قابل تحسین اور سپلا پر اعتماد کا اظہار بتایا۔انہوں نے کہا کہ سپلا اور انٹربورڈ کی ٹیم نے ورکشاپ کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کی، اس حوالے سے انٹربورڈ کی ٹیم کے مشکور ہیں۔