• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو تیسرے بنتِ حوا اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو بنتِ حوا فورم (بی ایچ ایف) کی جانب سے تیسرے بنتِ حوا اچیومنٹ ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا۔

سرکاری خبر ایجنسی (اے پی پی) کے مطابق بنتِ حوا فورم (بی ایچ ایف) کے زیر اہتمام خواتین کی غیر معمولی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں منعقدہ اس تقریب میں مختلف شعبوں میں خواتین کی شاندار کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے 10 مختلف کیٹیگریز میں کُل 35 ایوارڈز پیش کیے گئے۔

تقریب میں خواتین کو صحت کی دیکھ بھال، سماجی کام، خواتین کو بااختیار بنانے، انٹرپرینیورشپ، کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ان کی خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا۔

اس تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تیسری بار بنتِ حوا اچیومنٹ ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا۔

علاوہ ازیں اس تقریب میں شبینہ ایاز اور تبسم عدنان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر خان ایچ آئی (ایم) ٹی آئی (ایم) پاکستان آرمی میں ایک ریٹائرڈ تھری اسٹار جنرل ہیں۔ انہوں نے ’لیفٹیننٹ جنرل‘ کے عہدے تک پہنچنے والی پہلی اور واحد خاتون کی حیثیت سے تاریخ رقم کی۔

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر خان کا تعلق پاکستان آرمی میڈیکل کور سے تھا اور انہوں نے پاک فوج میں بطور سرجن جنرل اور آرمی میڈیکل کور کے کرنل کمانڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

خاص رپورٹ سے مزید