اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان میں کثیر جہتی غربت انڈیکس (ایم پی آئی) کا تخمینہ 39.5 فیصد لگایا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی جانب سے کی گئی تازہ ترین تحقیق میں ناصر اقبال ہیڈ آف میکرو پالیسی اور حنا احسن نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں کثیر جہتی غربت کے واقعات (افراد کی گنتی کا تناسب) 39.5 فیصد ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی کثیر جہتی غریب ہے، جسے صحت، تعلیم اور معیار زندگی سے محرومی کا سامنا ہے، ہر فرد کو اوسطاً 48.3 فیصد محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پاکستان میں ایک کثیر جہتی غریب شخص اوسطاً ایم پی آئی کے حسابات میں استعمال ہونے والے تقریباً نصف وزنی اشاریوں سے محروم ہے۔