• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپوا نیو گنی میں لینڈ سلائیڈنگ، 3 افراد ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

پاپوا نیوگنی(جنگ نیوز)پاپوا نیوگنی کے پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گھر دب گئے جبکہ سیکڑوں رہائشیوں کی ہلاکت کا بھی خدشہ ہے۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے کے قریب اینگا صوبے کے دور دراز علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا جس وقت بہت سے دیہاتی اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔صوبائی گورنر پیٹر ایپاٹاس نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک بڑی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں 6 گاؤں متاثر ہوئے ہیں اور اسے قدرتی آفت قرار دیا گیا ہے، اب تک 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، تاہم خدشہ ہے کہ مزید سیکڑوں لاشیں ملبے تلے دفن ہو سکتی ہیں، حقیقی تعداد واضح ہونے میں کئی دن یا ہفتے لگ سکتے ہیں۔جائے وقوع پر موجود کمیونٹی لیڈر اسٹیون کنڈائی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بہت سے رہائشیوں کو بھاگنے کا وقت نہیں ملا، اچانک پہاڑ کا ایک بڑا تودہ اچانک گر گیا جب کہ لوگ سو رہے تھے، ان افراد کے گھر مکمل طور پر دب گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری تصاویر مکمل تباہی کا منظر پیش کرتی ہیں، تصاویر میں ماؤنٹ منگالو کے زمین کے ایک بڑے حصے کو کٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔حادثے کے بعد درجنوں مقامی مرد اور عورتیں چٹان اور مٹی کے ڈھیر کی ر کھدائی کرنے لگے اور زندہ بچ جانے والوں کی آوزیں سننے کی کوشش کر نے اور انہیں ریسکیو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے۔
یورپ سے سے مزید