• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردار تنویر الیاس کی گرفتاری اور حراساں کرنے پر رہنماؤں کا ردعمل

اسلام آباد (جنگ نیوز) سابق وزیراعظم و صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیرو سابق صوبائی وزیرو چیئرمین پنجاب انوسٹمنٹ بورڈ سردار تنویر الیاس خان کی گرفتاری‘ پولیس اور ایف آئی اے کی طرف سے انہیں حراساں کئے جانے پر سیاسی رہنماؤں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سیاسی قائدین کے مطابق نجی کاروباری تنازع کو بنیاد بنا کر ایف آئی آر اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر الحاق پاکستان کے داعی اور اہم کاروباری شخصیت کے ساتھ اس طرح کا سلوک اور تضحیک کسی طرح بھی مناسب نہیں۔ سابق صدرو وزیراعظم سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء و اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے سردار تنویر الیاس خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قائدین کے مطابق فریقین کے مابین صلح اور عدالت سے رہائی ملنے کے باوجود سردار تنویر الیاس کوحبس بے جا میں رکھنا اور ایف آئی اے کے حوالے کرنا قابل مذمت ہے۔ اس اقدام سے آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں غلط پیغام گیا ہے۔ قائدین نے کہا کہ کیس کی نوعیت کا جائزہ لیکر اسے بہتر طریقے سے حل کیا جا سکتاہے۔ 
اسلام آباد سے مزید