سندھی انڈسٹری کے اداکار، کامیڈین و یوٹیوبر علی گُل ملاح نے معروف خوبرو اداکارہ درِ فشاں سلیم کو وزن کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
نجی ٹی وی پر حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ’ڈرامہ‘ سیریل کے اداکار علی گُل ملاح اپنے ڈائیلاگ ’بھلے‘ سے کافی مشہور ہو گئے ہیں۔
علی گُل ملاح کو ڈرامے میں معصوم اور اہم کردار ادا کرنے اور اس کی کامیابی پر مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے انٹرویو کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں اداکار نے ایک نجی ٹی وی میں دیگر فنکاروں کے ہمراہ شرکت کی۔
اس دوران علی گل ملاح نے اپنی سادہ مزاج اور طبیعت سے ناظرین کے دل جیت لیے۔
جہاں انہوں نے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے وہیں انہوں نے ساتھی اداکارہ درِ فشاں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر اُنہیں وزن کم کرنے کا اور صحت بنانے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔
شو کے میزبان ساحر لودھی نے ’بھلے‘ فیم اداکار، علی گل ملاح سے پوچھا کہ انہوں نے در فشاں کے ساتھ کام کیا، وہ اداکارہ کیا مشورہ دینا پسند کریں گے۔
اس سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ’در فشاں سلیم کو اپنا وزن کم کرنا چاہیے۔‘
اداکار کا کہنا تھا کہ ’اللّٰہ در فشاں کو ترقی دے، وہ اپنی صحت کو تھوڑا کم کریں، وہ تھوڑی ہیلدی (healthy) ہیں، وہ ذرا اپنی صحت بنائیں، مطلب کہ ڈائیٹ کریں۔‘
اداکار کے اس جواب پر میزبان ساحر لودھی تھوڑے خفا نظر آئے۔
ساحر لودھی نے اس دوران کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ وہ جیسی ہیں، بہترین ہیں، جب تک آپ صحتمند ہیں اور اپنے خدو خال و جسامت سے خوش ہیں، آپ خوبصورت ہیں اور ٹھیک ہیں۔‘
شو کے دوران علی گل ملاح کے پاس بیٹھی اداکارہ نے کہا کہ اُن کے خیال میں درِ فشاں بہت پیاری ہیں اور اچھی لگتی ہیں۔
اس پر علی گُل ملاح نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہاں صحیح ہے، اچھی لگتی ہے۔