ملتان(سٹاف رپورٹر )نشتر ایمرجنسی وارڈ کو اچانک وارڈ نمبر ایک میں منتقل کر دیا گیا ایمرجنسی وارڈ آنے والے مریض بغیر اطلاع دیئے ایمرجنسی وارڈ بند کئے جانے پر شدید پریشانی کا شکار رہے وارڈ نمبر ایک میں مریضوں کے شدید رش کی وجہ سے مریض پریشان رہے۔ ایم ایس نشتر کی ہدایت پر سوموار کی صبح10 بجے ایمرجنسی وارڈ کو مرمت و تزئین و آرائش کے کاموں کے لئے اچانک بند کر دیا گیا اور ایمرجنسی وارڈ کے گیٹ نمبر ایک کو بھی بند کر دیا گیا اور وہاں پوسٹرز آویزاں کر دیئے گئے کہ ایمرجنسی وارڈ کو عارضی طور پر وارڈ نمبر ایک میں منتقل کر دیا گیا ہے جسکی وجہ سے ایمرجنسی وارڈ میں لائے جانے والے مریض پریشان رہے، واضح رہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں کل بستروں کی تعداد 110 تھی اور وارڈ نمبر ایک میں 15 بیڈز اضافی لگانے کے بعد وہاں بستروں کی کل تعداد 55 ہو گئی ہے ،مریضوں کہنا تھا کہ وارڈ ایک میں پہلے تمام انتظامات کو مکمل کیا جاتا اس کے بعد ایمرجنسی وارڈ کو شفٹ کیا جاتا، جگہ کم ہونے کی وجہ سے بھی مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، ڈائریکٹر ایمرجنسی وارڈ ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ جگہ کم ہونے کے باوجود بھی ایم ایس نشتر کی ہدایت پر ہم نے وارڈ نمبر ایک میں ایمرجنسی وارڈ کو جدید طریقے سے فعال کیا ہے،مرمت و تزئین و آرائش مکمل ہونے پر جلدایمرجنسی وارڈ واپس بھیج دیں گے اور ایمرجنسی وارڈ کے مریضوں کے لئے4 آپریشن تھیٹرز کو 24 گھنٹے کے لئے فعال کر دیا گیا ہے ۔