• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی تشویشناک ہے‘ ابوالخیر محمد زبیر

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جمعیت علماءپاکستان (نورانی) کے صدر ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر پوری دنیا کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے، بھارتی فوج کے ہاتھوں 21 کشمیری شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں مگر افسوس عالمی ضمیر بے بسی اور بے حسی کی چادر اوڑھ کر سویا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی درندگی، انسانیت سوز مظالم پر انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، بھارت ظلم و جبر کے ذریعہ کب تک کشمیری عوام کے حقوق غصب کرتا رہے گا، آزادی کے متوالے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرتے رہیں گے، کشمیری عوام کا لہو ضرور رنگ لائے گا،ظلم کی سیاہ رات ختم ہوگی اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی سحر جلد طلوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خاموشی بھارت دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارت سے محبت کی پینگیں بڑھانے کا نتیجہ ہے کہ وزارت خارجہ نے بھارتی مظالم پر چپ کا روزہ رکھ لیا ہے جو مظلوم کشمیریوں کے خون سے غداری ہے،  بھارت کشمیری عوام کو ریاستی جبر سے غلام بنانے کی بجائے ان کی امنگوں کا احساس کرے، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق دلانے میں ناکام ہوگئی ہے، عالمی برادری کردار ادا کرے، مسلم سربراہان مملکت کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں دیا جائے گا، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ 
تازہ ترین