پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار فردوس جمال حال ہی میں کینسر سے صحتیاب ہوئے ہیں، کینسر کو شکست دینے کے بعد دیا گیا ان کا پہلا انٹرویو وائرل ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکار فردوس جمال میں دسمبر 2022ء میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، یہ افسوسناک خبر ان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کے والد کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
کینسر کی تشخیص کی خبروں کے دوران اداکار کے انتقال کی افواہیں بھی گردش میں رہیں جن کی فردوس جمال نے خود تردید کی تھی۔
سینئر اداکار فردوس جمال نے اب حال ہی میں نجی ٹی وی کے کامیڈی شو میں بطور مہمان شرکت کی ہے جہاں اُن جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
شو کے دوران اِنہیں تروتازہ اور خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔
فردوش جمال کا انٹرویو کے دوران بتانا تھا کہ انہوں نے اپنے زمانے میں سخت بخار میں بھی کام کر رکھا ہے، وہ 102 اور 103 بخار میں بھی کام کرتے تھے تو کسی کو معلوم نہیں ہونے دیتے تھے کہ وہ بیمار ہیں۔
اداکار نے شو کے دوران بتایا کہ اُنہیں بڑی آنت کا کینسر تھا جسے اب وہ شکست دے چکے ہیں۔
فردوس جمال کا کہنا تھا کہ اب وہ کینسر سے صحت یاب ہو گئے ہیں، اُن کی بڑی آنت کے آپریشن کے بعد ریڈیو اور کیمو تھیراپی ہوئی تھی جس کے بعد اب وہ ٹھیک ہیں اور آگے بھی اللّٰہ ٹھیک ہی رکھے۔
فردوس جمال کا شو کے دوران شائقین و مداحوں سے درخواست کرتے ہوئےمزید کہنا تھا کہ اُن کی مستقبل میں بھی صحتیابی کے لیے دعا کریں کہ وہ ٹھیک رہیں۔