پیرس(این این آئی)فرانسیسی پارلیمنٹ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پابندی کا سامنا کرنے والے انتہائی بائیں بازو کی جماعت فرانس انبوڈ کے رکن پارلیمنٹ سیباسٹین ڈیلوگو نے کہا ہے کہ وہ اسمبلی کے قواعد کی پابندی کی بجائے تاریخ کے درست سمت پر ہونے کو ترجیح دیں گے، فلسطین پرچم لہرانا غزہ میں قتل عام کے خلاف احتجاج تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیرین نے سیشن کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر بائیں بازو کی جماعت فرانس انبوڈ ا (ایل ایف آئی)کے رکن سیباسٹین ڈیلوگو کو2 ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے۔سیباسٹین ڈیلوگو نے فلسطین کے حق میں مظاہرے میں شرکت کرنے کے بعد بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی دوسرے ملک کا جھنڈا اسمبلی میں لہرایا گیا ہے لیکن جو کچھ ہورہا ہے ،اس کے پیش نظر یہ باکل درست اقدام ہے۔ آپ دیکھتے ہیں کہ بحیرہ روم کے دوسری طرف ہمارے جیسے ہی لوگوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ بائیں بازو کی جماعت فرانس انبوڈ فلسطینوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور اس مسئلے کو 9 جون کو یورپین پارلیمان کے لئے ہونے والیانتخابی مہم کا بھی مرکزی حصہ بنایا ہوا ہے۔ ایل ایف آئی کے بعض ناقدین ان پر یہود دشمنی کا الزام عائد کرتے ہیں لیکن پارٹی ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔