برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین یونین، بیلجیماور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے گذشتہ روز برسلز پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر برسلز پارلیمنٹ کی ڈپٹی سپیکر کارلا ڈیجونگے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر برسلز پارلیمنٹ کے آئندہ الیکشن کیلئے پاکستا ن نژاد امیدوار اور کوکلبرگ کمیون کی کونسلر لامیاخان اور برسلز پارلیمنٹ کے نائب صدر کی کابینہ کے چیف مارٹن ریٹس بھی موجود تھے ۔ اپنے دورے کے دوران، سفیر پاکستان کو پارلیمانی عمارت کا دورہ کرایا گیا اور انہیں اس عمارت کے تاریخی پس منظر کے بارے میں جامع بریفنگ فراہم کی گئی۔ سفیر پاکستان نے عمارت کی تعمیراتی اور تاریخی اہمیت کو خوب سراہا۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر کارلا ڈیجونگے، لامیا خان اور مارٹین ریٹس کی مہمان نوازی اور خیالات کے تبادلے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور بلجیم کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس دورے کے دوران پاکستانی سفارتخانے کے دیگر افسران بھی سفیر آمنہ بلوچ کے ہمراہ تھے۔