• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں امریکی سفیر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دیکھنے امریکہ جائیں گے

اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم امریکہ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ 9جون کو نیویارک میں ٹی 20کرکٹ کے ورلڈ کپ میچز میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والا میچ سٹیڈیم میں دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ بلوم ٹی 20 ورلڈ کپ میچز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بھی دیکھیں گے جو 6 جون کو ہوگا جس میں میزبان امریکہ اور کینیڈا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یاد رہے کہ کرکٹ کی تاریخ کا یہ پہلا موقعہ ہے کہ امریکہ کرکٹ کے اتنے بڑے مقابلے کی مرکزی میزبانی کر رہا ہے جسے امریکہ میں کرکٹ بالخصوص ایشیائی ممالک کے شائقین کی دلچسپی کی اہمیت شامل ہے۔ امریکہ روانگی سے قبل ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی قومی ٹیم کے نام ایک ویڈیو پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لئے پیار اور جنون پایا جاتا ہے، گرمیوں میں بھی یہاں ہر جگہ کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے لئے محبت پاکستان اور امریکا میں مشترکہ ہے، امریکا پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے، جبکہ حال ہی میں ہم نے اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ میں نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں سے بیٹنگ اور باؤلنگ کے گر سیکھے، مجھے امید ہیں ہمیں ورلڈکپ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بابراعظم اور قومی ٹیم کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید