برسلز( حافظ اُنیب راشد )بلجیم کی سوشلسٹ پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ شخصیات نظام کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔ اس لیے ووٹ دیتے وقت اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ معاشرے کے تمام طبقات کی بہتری کیلئے سوشلسٹ نظام چلتا رہے۔ ان خیالات کا اظہار 9 جون کو منعقد ہونے والے انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے برسلز پارلیمنٹ کیلئے پاکستان نژاد امیدوار محمد عامر نعیم کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی برسلز میں سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ احمد لائوج تھے۔ انہوں نے شرکائے تقریب کے سامنے پارٹی کی تاریخ اور اس کا منشور بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشلسٹ پارٹی ہی ایک ایسی پارٹی ہے جس نے جنگ عظیم دوم کے بعد فلاحی پروگرام کے ذریعے جنگ سے تباہ شدہ سماج کو سنبھالا اور معاشرے کے تمام طبقات کیلئے زندگی میں یکساں مواقع کا نظریہ پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے تعلیم اور صحت کے بہترین نظام ترتیب دیئے، اسی لیے اس پارٹی میں مقامی کمیونٹی کے علاوہ سب سے زیادہ دوسری کمیونٹیز کے لوگ نظام کے حق میں کھڑے نظر آئیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوشلسٹ پارٹی کے پاکستان نژاد امیدوار محمد عامر نعیم نے کہا کہ ہم پارٹی کے سسٹم کےاندر نیچے سے آئے ہوئے لوگ ہیں۔ ہم دلائل اور نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ الیکشن کا یہ وقت گزر جائے گا لیکن ہم اپنے لوگوں کی بہتری اورخدمت کیلئے اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بطور کونسلر 5 سال تک خدمات انجام دی ہیں اور آئندہ بھی کمیونٹی کی اسی جذبے سے خدمت کرتے رہیں گے۔ اس تقریب میں حاجی ہاشم نے افغان کمیونٹی اور سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ اور عبدالشاہد نے کشمیری کمیونٹی کی جانب سے عامر نعیم کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ اس انتخابی جلسے میں مختلف کمیونٹیز کے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔