• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج سمپوزیم میں شرکت، وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین سعودی عرب پہنچ گئے

وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین ـــ فائل فوٹو
وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین ـــ فائل فوٹو

وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ چوہدری سالک حسین آج مکہ مکرمہ میں حج سمپوزیم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اُنہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکیم کے لیے  پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی کےساتھ اختتام پزیر ہوا، اسلام آباد سے آنےوالی آخری حج پرواز سے 380 عازمین جدہ پہنچ گئے۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا ہے کہ نجی حج اسکیم کے ذریعے 70 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جبکہ دو روز میں مزید 20 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعودی مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں عازمین حج کے 5 روزہ قیام کی تیاریاں مکمل ہو چُکی ہیں جس کے بعد اب عازمینِ حج کی منیٰ کے لیے روانگی کا آغاز  13 اور 14 جون کی درمیانی شب کو ہو گا۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پاکستان حج مشن نے منیٰ میں عازمینِ حج کی سہولت کے لیے کیمپ آفس قائم کر دیا ہے، اس کیمپ آفس میں شعبۂ معلومات و رہنمائی، شکایات، امراض و اموات قائم کیے جائیں گے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک اور وفاقی سیکریٹری ذوالفقار حیدر حج آپریشن کی نگرانی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید