کراچی (اسد ابن حسن) سائبر کرائم کراچی شدید افرادی قوت کی کمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے موصول ہونے والی شکایتوں پر تحقیقات کے انبار لگ گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ سرکل کے دورے پر آئے ہوئے ڈائریکٹر کو جو اعداد و شمار پیش کیے گئے اس کے مطابق سرکل کی سینکشنڈ اسٹرینگتھ (منظور شدہ افرادی قوت) 121 ہے جبکہ تعیناتیاں صرف 28 ہیں اور 94 افرادی قوت کی کمی ہے۔ سب سے تشویش ناک بات تحقیقاتی افسران کے حوالے سے ہے جس میں منظور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تعداد 10 ہے جبکہ سرکل میں ایک بھی موجود نہیں ہے۔ انسپیکٹرز کی تعداد 8 ہے جب کہ 6 موجود ہیں ان میں سے ایک انسپیکٹر عامر اسماعیل میمن پر کام میں دلچسپی نہ لینے پر سابق ڈائریکٹر نے کاروائی بھی کی لہذا اپ تعداد 5 ہے۔