• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کی یکطرفہ مقابلے میں یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں یوگنڈا کو 9وکٹوں سے شکست دے دی، تاہم اس فتح کے باوجود نیوز ی لینڈٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا اور سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔اس گروپ سے افغانستان اور ویسٹ انڈیز نے آخری 8ٹیموں میں کوالیفائی کرلیا ہے۔ ہفتے کوٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا 32واں میچ گروپ سی کی ٹیموں نیوزی لینڈ اور یوگنڈا کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جس میں کیویز نے یوگنڈا کو صرف 40رنز پر آل آؤٹ کردیا ایک بیٹر ڈبل فیگر میں داخل ہوسکا دس بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے اور چار صفر پر آوٹ ہوئے اور مطلوبہ ہدف 5.2اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔یوگنڈا کی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.4 اوورز کھیلے لیکن اس دوران وہ صرف 40رنز ہی بناسکی، کینیتھ ویسو11رنز بناکر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4اوورز میں صرف 4رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ٹرینٹ بولٹ نے 4اوورز میں 7رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں، مچل سینٹنر اور رچن روینڈرا نے 2،2وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ایک وکٹ لوکی فرگوسن کے حصے میں آئی۔ہدف کے تعاقب میں کیویز نے چھٹے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر41رنز بنائے، فن ایلن 9رنز پر آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے۔ ڈیون کونوے 22اور رچن روینڈرا ایک رنز پر ناقابل شکست رہے۔