کراچی/سانگھڑ(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) سندھ کے ضلع سانگھڑ میں اونٹنی کی ٹانگیں کاٹنے پر 6افرادگرفتار‘چارروزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے ‘ دو نے اعتراف جرم کرلیا۔
زخمی اونٹنی کراچی منتقل ‘ مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی۔پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہناہے کہ ہم مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں متاثرہ اونٹنی کی مصنوعی ٹانگ بنانے کا ٹار گٹ دیا گیا ہے
۔ادھر اینمل شیلٹر کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے زخمی اونٹنی کا علاج شروع کردیا ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے مطابق ملزمان اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہو چکے تھے لیکن انسانی طور پر یہ ناقابل قبول ہے اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سی ڈی آر ایس بینجی پراجیکٹ فار اینیمل ویلفیئر کی ڈائریکٹر سارہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ اس اونٹنی کی آگے کی ایک ٹانگ کٹی ہوئی ہے اور اب اس کے علاج کے لیے دبئی میں بھی ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اس کا مستقل حل مصنوعی ٹانگ ہے۔
ابھی یہ چھوٹی ہے، صرف آٹھ ماہ کی ہے۔ اگر یہ بیٹھتی ہے تو اس کو پیٹ اور گیس کے مسائل ہوسکتے ہیں اس لیے اس کو مسلسل کھڑا رکھنا ہوگا۔