اسلام آباد( جنگ نیوز)بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ نے آئندہ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی شرح نمو تین اعشاریہ چھ فیصد کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں تین فیصد رہنے کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف معاہدے کے امکانات کو تقویت دیتا ہے۔بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کے آئندہ مالی سال 2024-2025ء کے مجوزہ بجٹ بارے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئندہ مالی سال میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 12 فیصد اور شرح سود 16 فیصد تک آنے کی توقع ہے۔فچ کے مطابق فروری میں انتخابات کے بعد سے پاکستان کی ادائیگیوں کی صورتحال مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ ادارے کے مطابق برآمدات اور درآمدات میں فرق جی ڈی پی کے 0.3 فیصد تک آنے کی امید ہے اور بہتر زرعی پیداوار بھی اس میں مدد کر رہی ہے، پچھلے سال برآمدات اور درآمدات میں فرق جی ڈی پی کا ایک فیصد تھا۔